گلاسگو (طاہر انعام شیخ)تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے اعزاز میں ایک ظہرانہ دیا، ڈاکٹر طاہر القادری چوہدری محمد سرور کی پولک شیلڈ گلاسگو میں رہائش گاہ پر تشریف لائے جہاں چوہدری محمد سرور نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تقریباً دو گھنٹے بات چیت کرتے رہے۔ دونوں رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور پوری قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان کے تمام مسائل کی بنیاد کرپشن ہے جس کی وجہ سے ملک میں غربت پیدا ہوئی اور ملکی ترقی میں رکاوٹیں پیدا ہوئی۔ پاکستان میں کرپشن پہلے بھی ہوتی تھی لیکن مجموعی طور پر معاشرے میں یہ قطعی طور پر ناقابل قبول اور باعث مذمت سمجھی جاتی تھی۔ لیکن پچھلے چند ادوار سے آنے والے حکمرانوں نے اس کو اب ایک باقاعدہ سسٹم کا حصہ بنادیا ہے۔