• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیلس: پی اے سی کا پاکستان کے معاملات میں امریکی کانگریس کی مداخلت کیخلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ


امریکی کانگریس اور سینٹ کے اراکین کی جانب سے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مبینہ مداخلت کے خلاف ’اسٹینڈ وِد پاکستان‘ کے تحت پاکستانی امریکن کمیونٹی (پی اے سی) نے ڈیلس ڈاؤن ٹاؤن میں پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔

اس مظاہرے کا مقصد پاکستان کے سیاسی حالات کی درست اور متوازن تفہیم کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام کا مطالبہ کرنا تھا۔

‎مظاہرے کے منتظمین کے مطابق پاکستان سب سے زیادہ آبادی والا دنیا کا پانچواں اور سب سے بڑی فوج رکھنے والا چھٹا ملک ہے، جس نے جمہوری ترقی کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، تاہم حالیہ امریکی کانگریس اور سینیٹ کے اقدامات سے پاکستانی کمیونٹی میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔

پروگرام کی نظامت پی پی کے جنرل سیکریٹری سہیل پیرزادہ نے کی، جبکہ مقررین میں پاکستان مسلم لیگ آزاد کشمیر اوورسیز کے صدر عابد ملک، ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے بورڈ ممبر سید فیاض حسین، ڈیلس پیس اینڈ جسٹس سینٹر کے صدر آفتاب صدیقی، پاکستان پیپلز پارٹی امریکا کے نائب صدر امتیاز پیرزادہ، پاکستان مسلم لیگ ن ٹیکساس کے صدر سبیل عباسی ،ڈاکٹر نواب، عامر میمن، ہادی جواد، سہیل پیرزادہ، افتخار خان اور دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر مقررین نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کانگریس کے بعض منتخب نمائندے صرف اپنے الیکشن میں فنڈ حاصل کرنے کے لیے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں، جوکہ ناقابلِ قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئینی و قانونی نظام موجود ہے، جہاں عمران خان اور ان کی جماعت کے معاملات کا فیصلہ پاکستانی عدالتیں کریں گی نہ کہ امریکی ایوان کے نمائندگان، پاکستان کی سیاسی حدود کا احترام کیا جائے اور امریکی کانگریس کے ارکان اپنی حدود سے تجاوز نہ کریں۔

مقررین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کئی سیاسی جماعتیں ہیں اور وہاں کا آئین آزاد و خود مختار اداروں کو فیصلے کرنے کا مکمل اختیار دیتا ہے۔

‎واضح رہے کہ پاکستانی امریکیوں نے سیاسی تعلقات سے بالا تر ہو کر کچھ دن قبل اسٹینڈ وِد پاکستان فورم کے قیام کا اعلان کیا تھا تاکہ ایک منظم فورم کے پرچم تلے تمام محبِ وطن پاکستانیوں کو اکٹھا کر کے اُن اراکینِ کانگریس پر پریشر دیا جائے جو پاکستان کی سیاست میں مداخلت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے بورڈ آف ڈائریکٹر سید فیاض حسین نے کہا کہ یہ فورم غیر جانبدارانہ طور پر پاکستان اور اس کی ترقی کے لیے کام کرے گا اور عالمی سطح پر کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد مسلم ایٹمی طاقت ہے اور ہمیں اس کے وقار کا خیال رکھنا چاہیے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو شخصیت پرستی کے بجائے ملک کی حرمت کا خیال رکھتے ہوئے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

‎رہنماؤں نے اعلان کیا کہ اسٹینڈ وِد پاکستان کے تحت یہ پُرامن احتجاجی مظاہرے مستقبل قریب میں واشنگٹن ڈی سی، نیویارک، شکاگو، ہیوسٹن، کیلی فورنیا اور دیگر شہروں میں بھی کیے جائیں گے اور اس تحریک کو عالمی سطح تک پھیلایا جائے گا۔

خاص رپورٹ سے مزید