کراچی( افضل ندیم ڈوگر) کمبوڈیا سے کراچی پہنچے نو پاکستانی مسافروں کو امیگریشن حکام نے حراست میں لے لیا ہے جو پاکستانی اور بھارتی ایجنٹوں کی دھوکہ دہی کا شکار ہوئے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق حراست میں لیے گئے مسافروں وقار یونس ، محمد اویس، جلیس الحسن، سلمان علی، دانش علی، صائم شبیر، عقیل احمد، زین امجد اور محب علی اصغر سے ملزمان کے بارے میں تفصیلات حاصل کرکے انصاف فراہم کیا جائے گا۔ یہ مسافر کمبوڈیا براستہ تھائی لینڈ سے آنے والی فلائٹ TG-341 کے ذریعے کراچی پہنچے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافروں کو پاکستانی ایجنٹس اور متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے بھارتی ایجنٹس نے دھوکہ دیا۔ مسافروں کے مطابق انہیں جھوٹے وعدوں کے ذریعے کمبوڈیا لے جا کر زبردستی مالیاتی جرائم، جعلی کالز اور جبری مشقت میں ملوث کیا گیا۔ مسافروں کو کمبوڈیا میں یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا۔ مسافروں یہ بھی الزام عائد کیا کہ انہیں تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق صائم شبیر کو مظفرآباد کے ایجنٹ نے فری لانسنگ کے وعدے پر 650,000 روپے ہتھیائے۔