دنیا بھر میں آج (10 دسمبرکو) انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر یورپی یونین کی خارجہ امور کی نئی سربراہ کاجا کلاس نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے دن پر یورپی یونین ہر جگہ، ہر ایک کے لیے انسانی حقوق کے عالمی احترام، تحفظ اور تکمیل کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
کاجا کلاس کے مطابق انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے یورپین یونین کا رواں سال کی تھیم ’ہمارے حقوق، ہمارا مستقبل‘ ہے، جو ایک منصفانہ، لچکدار اور پائیدار مستقبل کے لیے حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتی ہے، جو کسی کو بھی پیچھے نہیں چھوڑتی۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے بارے میں قانونی، اخلاقی اور قابل عمل ضمانتیں انسانی وقار، مساوات، جمہوریت، امن اور پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہیں، جبکہ ریاستوں کے لیے امن اور خوش حالی کے ساتھ ساتھ سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ گولز کا حصول بھی قانون کی حکمرانی اور تمام انسانی حقوق کے احترام کے ساتھ آتا ہے۔
کاجا کلاس کا کہنا ہے کہ اب ہمیں پہلے سے کہیں زیادہ مسلح تصادم انسانی بحران، موسمیاتی آفات، مختلف طرح کے استثنیٰ، بڑھتی ہوئی عدم مساوات، اور بہت ساری جگہوں پر مسلسل صنفی عدم مساوات کا سامنا ہے، بین الاقوامی قوانین پر مبنی آرڈر، جس میں انسانی حقوق بنیاد کے طور پر ہیں، ان کا کوئی متبادل نہیں ہے۔
انہوں نے دنیا میں جاری مختلف واقعات کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ یوکرین کے خلاف روس کی جارحیت، مشرقِ وسطیٰ، سوڈان اور دیگر جگہوں پر تنازعات، شہری آبادی کے انسانی حقوق سے لطف اندوز ہونے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، جو خاص طور پر خواتین اور بچوں کو متاثر کر رہے ہیں۔
کاجا کلاس نے زور دے کر کہا کہ یورپی یونین اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کے لیے مضبوطی، عزم اور مستقبل کے لیے نئی تحریک کے ساتھ یورپی یونین اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر اور دنیا بھر میں ہمارے شراکت داروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم تمام ریاستوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنی انسانی حقوق کی ذمے داریوں کو برقرار رکھیں اور انہیں پورا کریں، جیسا کہ ہم یورپ کی کونسل کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں، یورپی یونین انسانی حقوق کے یورپی کنونشن میں شمولیت کے لیے پرعزم ہے، ہر ایک کے لیے انسانی حقوق کی ترویج اور تحفظ جاری رکھے گی۔