پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سب سے پرانی تنظیم پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن (PAGH) کے حالیہ انتخابات میں دل دل پاکستان پینل نے شاندار کامیابی حاصل کرلی۔
سراج نارسی 908 ووٹ لے کر نئے صدر جبکہ عامر زیدی 919 ووٹ لے کر جنرل سیکریٹری منتخب ہوگئے۔
الیکشن کمیٹی کے چیئرمین راشد کھوکھر کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق، عاصم رضا 850 ووٹ لے کر چئیر پرسن برائے تعلیمی کمیٹی اور خرم زئی 980 ووٹ لے کر چئیر پرسن برائے انفارمیشن کمیٹی منتخب ہوئے۔
سرد موسم اور بارش کے باوجود 1299 ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا، تاہم موسم کی خرابی کے باعث ووٹرز کا ٹرن آؤٹ متاثر ہوا۔
نو منتخب صدر سراج نارسی نے انتخابات میں واضح کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہماری اولین ترجیح پاکستان ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے پاکستان کے نام اور وقار کو بلند کرنا اور پاکستانی امریکی کمیونٹی کے مسائل حل کرنا ہوگی۔ ہم کمیونٹی کے درمیان اتحاد اور ترقی کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔‘‘
انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد پاکستان سینٹر ہیوسٹن کے باہر کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے جشن منایا، ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔
ہیوسٹن میں جہاں پاکستانیوں کی بڑی تعداد آباد ہے وہاں پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن کی کامیاب انتخابی سرگرمیوں نے کمیونٹی کے اتحاد اور تنظیمی استحکام کو مزید مضبوط کیا ہے۔