وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمارے لوگ لاپتہ ہیں، خدشہ ہے انہیں شہید کیا جاچکا ہے، آپ کو جواب دینا ہوگا۔
ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ 15 دسمبر کو شہداء اجتماع پشاور کے پارک میں ہوگا، شہدائے جمہوریت نے حق کی خاطر جانیں قربان کیں۔
انہوں نے کہا کہ گولی کیوں اور کس کے کہنے پر چلائی گئی، اس کا جواب آپ کو دینا ہوگا، ہمارے لوگ لاپتا ہیں، خدشہ ہے ان کو بھی شہید کیا جاچکا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ ہمارے 12 شہداء اور 100 سے زیادہ کارکن زخمی ہیں، ہم آپ کو چھوڑیں گے نہیں آپ کو جواب دینا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ صوبوں میں نفرت پھیلانے کی سازش کی جارہی ہے، اس سے پہلے بھی دولت اور کرسی کی خاطر ملک توڑا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے یہ بھی کہا کہ آپ نے ملک چھوڑ کر چلے جانا ہے ہم نے یہیں رہنا ہے، فوج ہماری ہے، فوج نے یہاں رہ کر حفاظت کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نہ غلام تھے نہ بنیں گے، سازش کو بے نقاب کریں گے جواب دینا پڑے گا۔