لاہور (خصوصی رپورٹر)وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے ٹی ایم جی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام کرسمس کی سالانہ تقریب میں شرکت کی اور مسیحی برادری کو کرائسٹ کے یوم پیدائش کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کرسمس کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے خصوصی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کی شان اور ملک کی ترقی کا اہم حصہ ہیں۔ انہوںنے کہا کہ "پاکستان جتنا مسلمانوں کا ہے، اتنا ہی یہاں بسنے والی اقلیتوں کا بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال کرسمس کے لیے مسیحی برادری کی امدادی گرانٹ کو دوگنا کر دیا گیا ہے۔ کرسمس پیکج میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، جس کے تحت مستحق افراد کو 5ہزار کے بجائے دس، 10 ہزار کے چیکس دیے جائیں گے۔مزید برآں، انہوں نے حکومت پنجاب کی جانب سے "مائنوریٹی کارڈز" کے اجرا کا بھی اعلان کیا۔ ان کارڈز کے ذریعے اقلیتی برادری کے مستحق افراد پورا سال حکومتی گرانٹ سے استفادہ کر سکیں گے۔