خاتون پرستار کی ہلاکت کے کیس میں رہائی پانے والے جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے سُپر اسٹار اداکار الو ارجن کا پہلا بیان سامنے آ گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعے کو تلنگانہ ہائی کورٹ نے حیدر آباد میں ہونے والے ’پشپا2: دی رول‘ کے پریمیئر کے موقع پر بھگدڑ سے ایک خاتون پرستار کے کچل کر ہلاک ہونے کے کیس میں عبوری ضمانت دے دی۔
اداکار نے رہائی ملنے کے بعد بیان دیتے ہوئے خاتون کی ہلاکت اور ایک بچے کے شدید زخمی ہونے کے کیس کی تحقیقات میں مکمل تعاون کرنے کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ میں اپنے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں ہے، میں ایک بار پھر اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرنا چاہوں گا، یہ ایک افسوس ناک واقعہ تھا، جو ہوا اس پر ہمیں افسوس ہے۔
الو ارجن کا کہنا ہے کہ میں قانون پسند شہری ہوں اور اس کیس کی تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتا ہوں۔
خیال رہے کہ 4 دسمبر کو حیدر آباد کے سندھیا تھیٹر میں فلم ’پشپا 2: دی رول‘ کے پریمیئر کے موقع پر بھگدڑ مچنے سے ایک خاتون کی موت جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا تھا۔
اس کیس میں تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت دینے کے باوجود اداکار الو ارجن کو جیل میں گزارنی پڑی۔
واضح رہے کہ الو ارجن کی گرفتاری کے چند گھنٹوں کے بعد متاثرہ خاتون کے شوہر نے مقدمہ واپس لینے پر رضا مندی ظاہر کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں مقدمہ واپس لینے کے لیے تیار ہوں، مجھے گرفتاری کے بارے میں علم نہیں تھا، الو ارجن کا اس بھگدڑ سے کوئی تعلق نہیں ہے جس میں میری بیوی کی موت ہوئی ہے۔