بھارت میں انڈر ورلڈ اور گینگسٹرز پر مبنی فلمیں بنانے کے حوالے سے مشہور ہدایتکار، اسکرین رائٹر اور پروڈیوسر رام گوپال ورما کا کہنا ہے کہ تیلگو فلموں کے معروف اداکار الو ارجن کو جمعہ کو گرفتار کرنے کا مقصد انکی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم پشپا 2: دی رول کی پبلسٹی کرنا تھی تاکہ یہ فلم اور زیادہ بزنس کرسکے۔
آر جی وی (رام گوپال ورما) نے اس حوالے سے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے طویل نوٹ میں دعویٰ کیا کہ ہر شخص حیران ہوا کہ تیلنگانہ کے چیف منسٹر انوملا ریوانتھ ریڈی نے الو ارجن کے ساتھ ایسا کیوں کیا؟
62 سالہ شہرت یافتہ فلمساز و ہدایتکار نے کہا کہ میرے خیال میں انہوں نے ایسا اس لیے کیا تاکہ فلم پشپا 2 کو مزید شہرت ملے اور وہ زیادہ کلیکشن (بزنس) کرسکے اور ریاست تیلنگانہ کے فیورٹ بیٹے کو مزید بلندی ملے۔
تیلگو فلموں کے علاوہ ہندی اور کناڈا سینما میں بھی مشہور رام گوپال ورما نے مزید دعویٰ کیا کہ ریاستی حکام نے عدالت میں جان بوجھ کر کافی کمزور پروسیکیوشن اخیتار کی، جس کے نتیجے میں الو ارجن کو چند گھنٹوں میں ضمانت مل گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس سے یہ واضح ہوگیا کہ ریاستی حکومت نے جان بوجھ کر ایسا کیا اور انکا مقصد دراصل فلم کو میگا پاپولر کرنا تھا تاکہ یہ باکس آفس پر بھی طویل عرصے تک راج کرے۔
واضح رہے کہ الو ارجن کو جمعہ 13 دسمبر کی صبح حیدرآباد میں واقع انکی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔
انہیں سندھیا تھیٹر حیدر آباد میں 4 دسمبر کو انکی بلاک بسٹر فلم "پشپا 2: دی رول" کی افتتاحی نمائش کے موقع پر بھگدڑ مچنے سے ایک خاتون کی ہلاکت کے کیس میں شامل کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
تاہم جمعہ کی شام کو ہی تیلنگانہ ہائیکورٹ نے انکی ضمانت کی درخواست منظور کرلی تھی اور وہ ہفتہ کی صبح رہا ہوگئے تھے۔