پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی بخاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف مذاکرات کےلیے تیار ہے مگر حکومت سنجیدہ نہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے علی بخاری نے کہا کہ بانی تحریک انصاف نے سول نافرمانی کی تحریک ملتوی کی ہے ختم نہیں کی۔
علی بخاری نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے، ہماری کمیٹی بات چیت کیلئے تیار ہے، حکومت کی طرف سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمیشہ حکومت تنازعات کے حل کیلئے بات چیت شروع کرتی ہیں۔
پروگرام میں شریک جے یو آئی کے رہنما حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ سول نافرمانی میں تحریک انصاف کا ساتھ نہیں، البتہ پارلیمنٹ میں ایشو ٹو ایشو تحریک انصاف کو سپورٹ کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چودہدر ی نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ تحریک انصاف کو احساس ہوا ہے کہ سیاست ہی تمام مسائل کا حل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کا ہر کسی کو حق ہے، پی ٹی آئی کا احتجاج نہ سیاسی تھا، نہ وہ پُرامن تھا، وہ مسلح جتھوں کی یلغار تھی۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی خود کو سیاسی جماعت کہتی ہے اور کہتی ہے کہ اسلام آباد پر چڑھائی کر دیں گے، سیاسی جماعتوں کی بے انتہا قدر ہے، سیاسی جماعتیں سیاسی انداز سے مذاکرات کے ذریعے راستہ نکالیں۔