حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے لیے قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے پیشکش کر دی۔
ایک بیان میں ایاز صادق کا کہنا ہے کہ حکومت اپوزیشن مذاکرات کے لیے میرا دفتر اور گھر ہر وقت حاضر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن میں تلخیاں ختم کرنے کے لیے مذاکرات ضروری ہیں۔
اسپیکر ایاز صادق کا کہنا ہے کہ سیاسی ایشوز سمیت کسی بھی معاملے پر مذاکرات میں کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔
ایاز صادق نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ روز ایوان میں ہونے والی بحث خوش آئند تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کے فلور پر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی مشروط پیشکش کی تھی۔
ن لیگی رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے اسپیکر آفس کا رستہ دکھا دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر آپ سنجیدہ ہیں تو کم سے کم حکومت کو مذاکرات کا پیغام تو بھیجیں۔
جس پر پی ٹی آئی رہنما کے شیر افضل مروت نے بھی سیاسی قائدین کو مل بیٹھنے کا مشورہ دیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ جب تک سیاسی قوتیں ایک ہو کر نہیں بیٹھیں گی، مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکتے۔