پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ سول نافرمانی تب شروع ہو گی جب کوئی دوسرا راستہ نہیں ہو گا۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام سے بڑھ کر پاکستان کو آزاد عدلیہ کی ضرورت ہے، ریاستی اداروں کو اپنی حدود میں رکھنے کی ضرورت ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی مکمل با اختیار ہے، عدلیہ کی آزادی، 9 مئی واقعات، مینڈیٹ چوری سب مذاکرات میں زیرِ بحث آئیں گے، امید ہے کہ سیاسی قیادت دیرپا فارمولے پر رضامند ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ مسائل سنگین صورتِ حال اختیار کر چکے ہیں، مذاکرات ناگزیر ہیں، 50، 50 افراد کے قتل کے بعد بھی ہم جرگے کرتے ہیں، یہ رواج ہے، جن پاکستانیوں کو مارا گیا ہے ان کا خون بہا ادا کیا جائے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ یہ ذمے داری قبول کرنی چاہیے، سوگوار خاندانوں سے تعزیت کریں، سیاسی عدم استحکام ہے، ہزاروں ورکرز جیلوں میں بند ہیں، مسائل کا حل پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے نکل آتا ہے تو ملک کے لیے سودمند ہے۔