اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی کیلئے 14 ارب کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا، جس میں درآمدی یوریا کی سبسڈی کےلیے 10 ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ای سی سی اعلامیے کے مطابق کسانوں کو یوریا کی بر وقت فراہمی یقینی بنائی جائے گی، صوبے بھی سبسڈی ادائیگی میں اپنا حصہ ادا کریں۔
اعلامیے کے مطابق ای سی سی اجلاس میں درآمد شدہ یوریا پر وفاق اور صوبے کی سبسڈی شیئرنگ کےحوالے سے سمری کی منظوری کی گئی ہے۔
ای سی سی اعلامیے کے مطابق وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کےلیے 1 ارب 88 کروڑ اور 40 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ایس آئی ایف سی کے لیے 52 کروڑ 30 لاکھ، وزارتِ اطلاعات و نشریات کےلیے 53 کروڑ 61 لاکھ، ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے منصوبے کے تحت نادرا کے لیے 2 اعشاریہ 02 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس منظور کی گئیں۔
ای سی سی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی نوجوانوں کے بزنس اور زرعی قرضہ اسکیم میں ٹیئرفور کی شمولیت کی منظوری دی گئی۔