اڈیالہ جیل راولپنڈی میں توشہ خانہ ٹو کیس میں فریقین کے دلائل سننے کے بعد سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔
کیس کی سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی دوران سماعت کمرہ عدالت میں موجود رہے۔
اس موقع پر وکلا صفائی نے عدالت سے سماعت دو دن تک ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں دلائل کے باعث دوسرے کیس پر توجہ نہیں دے سکتے۔
انھوں نے مزید کہا 190 ملین پاونڈ ریفرنس آخری اسٹیج پر ہے، عدالت سماعت دو دن آگے کرے۔
وفاقی پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے سماعت ملتوی کرنے کی مخالفت کی اور کہا کہ دو گواہان کراچی سے آئے ہیں، گواہان کو بار بار نہیں بلایا جاسکتا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سماعت ہفتہ21 دسمبر تک ملتوی کر دی۔