پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔
چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے جو بھی ہو گا پاکستان کے لیے بہتر ہو گا۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ کوئی کام تحریری ہوئے بغیر نہیں کرتے، بس تھوڑا صبر کریں سب سامنے آ جائے گا۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ کو ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی ملی ہے؟
جس پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ابھی دیکھیں کیا سامنے آتا ہے، بہت جلد چیزیں سامنے ہوں گی۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے متعلق آئی سی سی سے تمام چیزیں بہت جلد طے ہو جائیں گی، آئی سی سی بہت جلد چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کر دے گا۔
واضح رہے کہ کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پر آئی سی سی، پاکستان اور بھارت میں معاہدہ ہو گیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان چیمپئنز ٹرافی پر بھی فارمولا طے پاگیا ہے، 2027ء تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے ملک میں آئی سی سی ایونٹ کا میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گی۔