گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈے اے) کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا اتحاد ہوسکتاہے تو کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
پیر پگارا جمعہ کو سابق وزیراعظم میر ظفراللہ جمالی مرحوم کی رہائش گاہ روجھان جمالی نصیر آباد پہنچے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیر صاحب پگارا نے کہا جی ڈے اے میں کسی فرد کی نہیں، مشترکہ بات چلتی ہے۔
انھوں نے کہا آنکھوں پر پٹی اور پاؤں باندھ کر کہا جائے کہ چل کر دکھاؤ، اس حکومت کا بھی وہی حال ہے۔ آنکھ اور پاؤں بندھے ہیں تو یہ ہاتھ سے کیا کرسکتے ہیں۔ اگر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا اتحاد ہوسکتاہے تو کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
انھوں نے کہا شہباز شریف زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹنے کی بات کرتے تھے، الیکشن کی رات ساڑھے 10 بجے انھوں نے یوٹرن لے کر ہاتھ ملالیا تھا۔
پیر پگارا نے کہا پاکستان میں کچھ بھی ہوسکتا ہے مستقبل کا کسی کو نہیں پتہ، مستقبل بنانے والے کوئی اور ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں کبھی شفاف الیکشن نہیں ہوئے۔
انھوں نے کہا حالیہ الیکشن نے ہر چیز کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، ہمیں فوج کی ضرورت ہے اور اس کے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں۔