راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی کی سیشن عدالتوں نے ڈکیتی اور قتل کے دو مقدمات میں نامزد تین ملزمان کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنادی۔ گوجرخان کے علاقہ میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر ہونے والے قتل کیس میں پولیس نے فیصل اور وسیم کو گرفتار کیا تھا ۔گزشتہ روز ٹرائل مکمل ہونے پر عدالت نے دونوں ملزمان کو قتل کے جرم میں عمر قید اور پانچ لاکھ روپے ہرجانہ جبکہ ڈکیتی کے جرم میں دس دس برس قید اور دو دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ملزمان نے گن پوائنٹ پر واردات کے دوران مزاحمت پر شہری کوقتل کر دیا تھا۔ ادھر تھانہ صادق آباد میں گزشتہ سال درج کیس کے مطابق شفیق شاہ نامی شخص نے گھریلو رنجش پر فائرنگ کر کے اپنی بیٹی نور سحر کو قتل کر دیا تھا ۔گزشتہ روز ٹرائل مکمل ہونے پر عدالت نے ملزم کو عمر قید اور پچاس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔