اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے محکمہ تحفظِ نباتات (ڈی پی پی) کی تشکیلِ نو کے لیے ایک جامع منصوبہ پیش کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد محکمہ کو جدید خطوط پر استوار کرنا، کارکردگی میں بہتری لانا، اور اسے عالمی تجارتی تقاضوں اور نباتاتی تحفظ کے بین الاقوامی معیارات کے مطابق ڈھالنا ہے۔منصوبے میں ڈی پی پی کی موجودہ کارکردگی میں موجود اہم خامیوں کو دور کرنے پر توجہ دی گئی ہے، جن میں فرسودہ انتظامی طریقہ کار، غیر مؤثر خطرہ تجزیاتی نظام، اور برآمدی سامان کیلئے بین الاقوامی سینیٹری اور فائٹو سینیٹری (SPS) معیارات پر پورا نہ اترنے جیسے مسائل شامل ہیں۔ تشکیلِ نو کے منصوبے کے تحت ڈی پی پی کو ایک پیشہ ور، خودمختار اور غیر جانبدار تنظیم کے طور پر استوار کیا جائیگا۔ ایک قانونی حیثیت رکھنے والا بورڈ قائم کیا جائیگا، جس کی رہنمائی ایک مشاورتی کونسل کریگی جس میں سائنسدان، وفاقی و صوبائی نمائندے اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے۔