راولپنڈی (جنگ نیوز ) ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی سروسز کو پورے راولپنڈی ڈویژن میں توسیع دینے کے سلسلے میں گزشتہ روز چکوال میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک تھے۔دیگر مہمانوں میں ممبران پنجاب اسمبلی تنویر اسلم سیتھی،ملک شہریار اعوان،فلک شیر،مہوش سلطانہ ,سلطان شہریار، ڈپٹی کمشنر چکوال قرۃالعین،ڈی پی او چکوال احمد محی الدین سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر، اور دیگر اعلیٰ افسران شامل تھے۔ کمشنر راولپنڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی پورے ڈویژن میں صفائی کے نئے معیارات قائم کر رہی ہے۔ انہوں نے چکوال میں صفائی کے لئے جدید مشینری اور موثر نظام کی فراہمی پر زور دیا۔ سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کمپنی وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر پورے ڈویژن میں صفائی کی جدید اور موثر خدمات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چکوال میں صفائی کی خدمات کے آغاز کے لئے اضافی مشینری، افرادی قوت، اور تربیتی پروگرامز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔