• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ون ڈے کرکٹ میں ایسا موقع کم ہی پاکستان کے حصے میں آیا ہوگا جو اتوار کے روز جنوبی افریقہ کے جوہانسبرگ اسٹیڈیم میں محمد رضوان کی قیادت میںمیزبان ٹیم کو 36رنز سےشکست دینے کی صورت میں نصیب ہوا ۔اس طرح پاکستا ن نے جنوبی افریقہ کوون ڈے سیریز اس کے ہوم گرائونڈ پر تین صفر سے ہرانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔جنوبی افریقہ کے خلاف اس کے ہوم گرائونڈ پرون ڈے سیریز جیتنےکا پاکستان کیلئے یہ تاریخی موقع ہے ۔اس میچ میں پروٹیز کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔بارش کے باعث میچ کو 47اوورز تک محدود کرنا پڑا۔پاکستان کی طرف سے اننگ کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا۔عبداللہ شفیق مسلسل تیسرے میچ میں کوئی رن بنائے بغیر آئوٹ ہوئے تاہم صائم ایوب نے اپنی شاندار پرفارمنس جاری رکھتے ہوئے سنچری بنائی،گرین شرٹس نے 9وکٹوں کے نقصان پر 308رنز بنائے ۔ہدف کا پیچھا کرنے میں میزبان ٹیم کے کھیل کا انداز اچھا نہ تھا اور پہلے 6اوورز میں جنوبی افریقہ کے دو اوپنر اس سے دور ہوتے چلے گئے۔صائم ایوب مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔تیسرے میچ کیلئے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں ،یہ حکمت عملی بھی پہلے کی طرح کامیابی دلانے میںکارگر ثابت ہوئی ۔چیمپئنز ٹرافی سے پہلے جنوبی افریقہ اور پاکستان کی یہ آخری ون ڈے سیریز ہے ۔چیمپئنز ٹرافی سے عین پہلے جنوبی افریقہ ،پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ٹرائی سیریز کھیلی جائے گی ۔بطور کپتان محمد رضوان کیلئے ہر سیریزایک نیا چیلنج ہے کہ وہ چیمپئنز ٹرافی تک اپنے عہدے کی توسیع کیلئے جدوجہد کرتے جائیںجبکہ پاکستان کیلئے یہ حتمی موقع ہے کہ وہ 10دسمبر سے 7جنوری تک ہونے والے اس تین ٹی 20،تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔

تازہ ترین