معروف بھارتی گلوکار میکا سنگھ بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں پرفارم کرنے پر اچھا معاوضہ ملنے کے باوجود بھی امبانی خاندان سے ناراض ہیں۔
میکا سنگھ نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں پرفارم کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ مجھے اننت امبانی کی شادی میں پرفارم کرنے پر بہت اچھا معاوضہ ملا لیکن مجھے اس بات پر دکھ ہوا کہ امبانی خاندان نے مجھے تحفے میں 2 کروڑ روپے کی وہ گھڑی نہیں دی جو اُنہوں نے شادی میں شرکت کرنے والے اپنے قریبی دوستوں اور کئی مشہور فنکاروں کو دی۔
گلوکار نے انٹرویو کے دوران اننت امبانی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر وہ انٹرویو دیکھتے ہیں تو شاید اب بھی انہیں مجھے وہ مہنگی گھڑی تحفے میں دینے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔
اُنہوں نے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں پرفارم کرنے پر ملنے والی رقم کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت زیادہ معاوضہ ملا۔
میکا سنگھ نے یہ بھی کہا کہ میں آپ کو یہ نہیں بتا سکتا کہ مجھے معاوضے میں کتنی رقم ملی لیکن مجھے اتنی رقم ملی ہے کہ میں اس سے اپنی زندگی کے 5 سال آرام سے گزار سکتا ہوں کیونکہ میرے زیادہ اخراجات نہیں ہیں۔