• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ تاثر غلط ہے کہ بانی مذاکرات میں اپنے لیے ریلیف ڈھونڈ رہے ہیں، شبلی فراز


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ مذاکرات میں بانی پی ٹی آئی اپنے لیے کوئی ریلیف ڈھونڈ رہے ہیں، انہیں استقامت سے کھڑے 500 دن ہوگئے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اصولی موقف اور عوام کےلیے جیل میں ہیں، ہماری جدوجہد کا مرکز آئین اور قانون کے اندر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک پُرامن سیاسی جماعت ہے، مشکلات کے باوجود عدالتی جنگ عدالت میں لڑ رہے ہیں، ہم یہ تاثر رد کرنا چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کوئی رعایت لینا چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی پاکستانی عوام کےلیے جیل کے اندر ہیں، جو بھی مذاکرات ہوں گے وہ اس پر ہوں گے کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی استقامت کے ساتھ اپنے اس موقف پر قائم ہیں، اس حکومت کو عوام کی پرواہ نہیں، آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر چل رہی ہے۔

شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ ہماری جدوجہد کا دوسرا حصہ پُرامن احتجاج ہے، پی ٹی آئی قیادت سے لے کر ورکر تک سب پر مقدمات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم غیر جمہوری سوچ کی مذمت اور فاشسٹ نظریات کو مسترد کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مذاکرات اصولی موقف پر ہوں گے۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ 500 دن ہوگئے بانی پی ٹی آئی استقامت سے کھڑے ہیں، مذاکرات کی اگر ناکامی ہوتی ہے تو ذمہ دار موجودہ حکومت ہوگی۔

قومی خبریں سے مزید