راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر)ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر پنجاب پولیس سے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی میں ٹرانسفر کے لئے ملازمین کے نام طلب کرلئے گئے ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پرپنجاب میں مہنگائی اور تجاوزات کے سدباب کے لئے قائم کی گئی پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی میں ملازمین کو ڈیپوٹیشن پر بھجوانے کے حوالے سےآئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پنجاب کے تمام ضلعی پولیس افسروں کے نام جاری کئے گئے مراسلے میں کہاگیاہے کہ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن ایکٹ (پیرا)، 2024 کے تحت مجاز اتھارٹی کی ہدایت پر پنجاب حکومت کی جانب سے پیرا کے 56 انفورسمنٹ سٹیشنز کو آپریشنل کیا جا رہا ہے،ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر پیرا انفورسمنٹ سٹیشنوں میں پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے لیے، معیار پر پورا اترنے والے جونیئر رینک کے اہل کاروں کے نام ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری بورڈ کی سکریننگ کے بعد 5 جنوری 2025 تک منسلک پروفارما پر سینٹرل پولیس آفس لاہور بھجوائے جائیں ،مراسلے میں پنجاب کے 41اضلاع سے مطلوب ہیڈ کانسٹیبلوں ،فٹ کانسٹیبلوں اور زیرتربیت ریکروٹس کے لئے اسامیوں کی تعداد بھی دی گئی ہے ،اس ضمن میں راولپنڈی ضلع سے 6ہیڈ کانسٹیبلوں ،35کانسٹیبلوں ،183زیرتربیت ریکروٹس،ضلع مری کے لئے 2ہیڈ کانسٹیبلوں،15کانسٹیبلوں ،جہلم کے لئے 2ہیڈکانسٹیبلوں ،20فٹ کانسٹیبلوں ،40زیرتربیت ریکروٹس،اٹک کے لئے 2ہیڈکانسٹیبلوں ،20فٹ کانسٹیبلوں ،70زیرتربیت ریکروٹس،چکوال کے لئے 2ہیڈکانسٹیبلوں ،20فٹ کانسٹیبلوں ،77زیرتربیت ریکروٹس ،اور ضلع تلہ گنگ کے لئے 2ہیڈکانسٹیبلوں ،15فٹ کانسٹیبلوں کے نام مانگے گئے ہیں ،مطلوبہ ہیڈ کانسٹیبل کاکم ازکم قدپانچ فٹ 8 انچ ،ہوناچاہئیے ،حال ہی میں ترقی پانے والے ،جن کی عمر 40سال سے کم ہواور وہ آئی ٹی نالج رکھتے ہوں جبکہ کانسٹیبل کے لئے 2020سے بعد بھرتی ہونے والے قد کم ازکم پانچ فٹ 8 انچ ،ریکروٹس کورس کوالی فائیڈ،اور آئی ٹی نالج رکھنے والے ملازمین ہونے چاہئیں ۔