اسلام آباد (جنگ نیوز ) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ سیکرٹری و کنونیئر ٹریڈرز کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چوہدری بلیو ایریا کے صدر عماد بن عارف ، میلوڈی مارکیٹ کے صدر اظہر اقبال، بہارہ کہو مرکزی صدر راجہ زاہد دھنیال، جی الیون مرکز کے صدر نعیم اعوان، جی ٹین فور کے صدر چوہدری ظفر اقبال، جی ٹین مرکز کے جنرل سیکرٹری اظہر امین، آئی ایٹ مرکز کے صدر وحید چیمہ، ٹریڈرز ویلفیر ایسوسی ایشن آبپارہ مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری اختر عباسی اور جی نائن مرکز کے صدر راجہ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کو ڈی ایم اے میں شامل کیا جائے۔ اسلام آباد میں فوڈ اتھارٹی قومی اسمبلی میں قانون سازی کے ذریعے عمل میں لائی گئی تھی لیکن آج تک اتھارٹی کا بورڈ مکمل نہیں ہو سکا ہے ۔ نہ رولز بنائے گئے ہیں اور نہ ہی وفاقی کابینہ سے لائسنس فیس کی منظوری لی گئی ہے۔ حتی کہ جرمانے کی رقم اور لائسنس کی فیس کا کوئی گزٹ نوٹیفیکشن جاری کیا گیا ہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا صدر بورڈ کا ممبر قانونی رکن ہوتا ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریڈ لائسنس بنانے کا تمام عمل ڈی ایم اے کو دے کر فوڈ اتھارٹی کو ایم سی آئی میں شامل کیا جائے ۔نہوں نے کہا اگر دوبارہ دکان سیل کی گئی تو تاجر برادری چیف کمشنر آئی سی ٹی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گے اور فوڈ اتھارٹی کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔