• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئر مین سی ڈی اے کی زیر صدارت شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے اجلاس

اسلام آباد( نیوز رپورٹر): چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ہفتہ کے روز شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے مختلف منصوبوں اور اقدامات کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں سی ڈی اے ممبران سمیت انوائرمنٹ، ڈی ایم اے، ایم سی آئی اور دیگر متعلقہ سنئیر حکام کی شرکت کی. اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بیوٹفکیشن کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی گئی.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ایس سی او سمٹ میں متعارف کروائے جانے والی لائٹس کو مستقل بنیادوں پر نصب کیا جائے اور پہلے مرحلے میں شاہراہِ دستور، کلب روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر جدید اور خوبصورت مستقل لائٹس نصب کی جائیں. انہوں نے کہا کہ باکو کی ٹیم کے ساتھ مل کر سیدپور ویلج، میلوڈی مارکیٹ اور سری نگر ہائی وے پر بھی لائٹس کی تنصیب کا انتظام کیا جائے.چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ایس سی او سمٹ کے دوران متعارف کرائے جانے والی لائٹس کے معیار کے مطابق نئی مستقل لائٹس کی تنصیب کی جائے اور سوشل ذمہ داری کے تحت کارپوریٹ سیکٹر اور اچھے برانڈز کو بھی شہر کی خوبصورتی کے عمل میں شامل کیا جائے. انہوں نے کہا کہ شہر کے دیگر اہم مقامات پر بھی لائٹس کی تنصیب کے حوالے سے ورکنگ پیپر تیار کیا جائے.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ جناح کنونشن سینٹر میں ایس ایم ڈیز کی تنصیب پر جلد کام کا آغاز کیا جائے. انہوں نے کہا کہ ایم سی آئی شہر کے باقی مقامات پر ڈیجیٹل سٹریمرز اور ڈیجیٹل بورڈ نصب کرنے کے عمل کا آغاز کرے.چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت کے مطابق اسلام آباد میں جدید اور اعلیٰ معیار کی نرسری بنانے پر کام کا آغاز کیا جائے. انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے باقی بڑے شہروں کے ہارٹیکلچر اتھارٹیوں کے ساتھ پودوں اور پھولوں کے حوالے سے تعاون کو فروغ دے اور ہدایت کی کہ انوائرمنٹ ونگ اسلام آباد میں نرسریز کے قیام کے لئے جامع بزنس ماڈلز تیار کرے. اسی طرح انوائرمنٹ ونگ اپنی نرسری سے حاصل کردہ پھولوں اور گلدستوں کے لئے فلاور شاپس کے قیام کے حوالے سے بھی تجاویز تیار کرے.
اسلام آباد سے مزید