• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سنگین بیماری میں مبتلا، جلد آپریشن کیا جائے گا


اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سنگین بیماری میں مبتلا ہوگئے، انکی جلد پروسٹیٹ سرجری کی جائے گی۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم بین یامین نیتن یاہو پروسٹیٹ کے شدید انفکیش کے سبب اسپتال میں داخل ہوگئے، طبی ماہرین نے اسرائیلی وزیر اعظم کے پروسٹیٹ نکالنے کا مشورہ دیا ہے، انہیں سرجری کے لیے کئی دن اسپتال میں رکھا جائے گا۔

نیتن یاہو کے خلاف عدالت میں کرپشن کیسز زیر سماعت ہیں۔ ان کے وکیل نے عدالت سے کچھ دن کیلئے کیس کی سماعت منسوخ کرنے کی درخواست کی ہے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے گزشتہ دنوں اسپتال میں اپنا میڈیکل ٹیسٹ کروایا تھا، جس میں ان کی پیشاب کی نالی میں انفیکشن پایا گیا، جس کے علاج کیلئے ان کی پروسٹیٹ سرجری کی جائے گی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو کے وکیل نے یروشیلم ڈسٹرکٹ کورٹ میں بتایا کہ نیتن یاہو اتوار کو پروسٹیٹ کی سرجری کےلیے مکمل بےہوشی کے زیر اثر ہوں گے اور سرجری کے بعد کئی دنوں تک اسپتال میں رہیں گے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے کریمنل ٹرائل میں اس ہفتے کی گواہیوں کو منسوخ کرنے کےلیے درخواست دائر کی ہے، جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت پیر 6 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے بھی نیتن یاہو کی سرجری کروانے سے متعلق میڈیا کو آگاہ کردیا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کو 3 کیسز میں فراڈ اور ایک کیس میں رشوت ستانی کے الزامات کا سامنا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید