کھانے میں دیر ہونے پر دولہے نے شادی سے انکار کردیا اور دلہن کو چھوڑ کر اپنی کزن سے شادی کرلی۔
بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع چندولی میں ایک دولہے نے کھانے میں معمولی تاخیر پر شادی سے انکار کردیا اور دلہن کو تقریب میں چھوڑ کر اسی دن اپنی کزن سے شادی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس واقعے نے دلہن کے گھر والوں کو شدید صدمے سے دوچار کردیا۔ متاثرہ دلہن اور اس کے گھر والوں نے پولیس سے انصاف کی اپیل کردی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ شادی سے چند گھنٹے قبل دولہے کے خاندان کو ڈیڑھ لاکھ روپے دیے گئے تھے۔
دلہن نے میڈیا کو بتایا کہ اس کی شادی سات ماہ قبل مہتاب نامی نوجوان سے طے ہوئی تھی۔ 22 دسمبر کو بارات حمید پور گاؤں میں میرے گھر پہنچی، جہاں میرے خاندان نے مہمانوں کا گرم جوشی سے استقبال بھی کیا۔
دلہن نے کہا، "میں صبح سے تیار تھی، دولہے اور اس کے گھر والے آئے، کھانا کھایا اور پھر میرے والدین کے ساتھ بدتمیزی اور جھگڑا کرنے کے بعد واپس چلے گئے۔"
رپورٹس کے مطابق مہمان کھانے کےلیے بیٹھے تو دولہے کو کھانے میں معمولی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ اس پر دولہے کے دوستوں نے اس سے چھیڑ چھاڑ کی جس کے بعد وہ اور اس کے اہل خانہ ناراض ہوگئے۔
دلہن کے خاندان سے جھگڑنے کے بعد مہتاب نے شادی سے انکار کر دیا اور اپنے گھر واپس چلا گیا۔
گاؤں کے بزرگوں نے معاملہ سلجھانے کی کوشش کی لیکن دولہے نے دلہن سے شادی کرنے سے انکار کر دیا اور اسی دن اپنی کزن کے ساتھ شادی کرلی۔
23 دسمبر کو دلہن اور اس کے والدین نے صنعتی نگر پولیس پوسٹ پر شکایت درج کروائی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے سے انہیں تقریباً 7 لاکھ روپے کا نقصان ہوا کیونکہ انہوں نے شادی کی تمام تیاریاں کی تھیں اور دولہے کے 200 مہمانوں کی مہمان نوازی کی تھی۔
شکایت کے مطابق دلہن کی ماں نے کہا کہ شادی سے کچھ گھنٹے پہلے دولہے کے خاندان کو 1.5 لاکھ روپے بھی دیے گئے تھے۔