دنیا کی سب سے کم عمر پاکستانی، نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے رواں سال کے آخری روز، 2024ء سے اپنے یادگار لمحات شیئر کیے ہیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹاگرام پر ملالہ نے ایک خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے اور ساتھ میں ایک طویل نوٹ بھی شیئر کیا ہے۔
اس پوسٹ کی پہلی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملالہ اپنی صحت کا خیال رکھنے کے لیے ٹریڈ مِل پر بھاگ رہی ہیں۔
دوسری اور تیسری تصویر میں انہیں اپنے شوہر عصر کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے جبکہ باقی تصویروں میں وہ اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ ہلا گلا کرتی نظر آ رہی ہیں۔
ملالہ یوسفزئی نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ جیسے جیسے سال اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے، میں 2024ء میں سیکھے گئے ہر سبق اور یادداشت کے لیے شکر گزار ہوں۔
انہوں نے لکھا ہے کہ گزشتہ سال جنوری میں، میں نے اپنے لیے ایک ہدف مقرر کیا تھا کہ میں ٹریڈ مل پر بغیر رکے 1 گھنٹہ دوڑوں گی، جب میں نے شروع کیا تو میں صرف دو یا تین منٹ کے لیے بھاگ سکتی تھی لیکن میں نے تقریباً ہر روز دوڑنا جاری رکھا، پھر ستمبر میں ایک گھنٹہ ختم ہونے کے بعد بھی مجھے لگا کہ میں مزید دوڑ سکتی ہوں۔
ملالہ یوسفزئی کا کہنا ہے کہ مجھے ہر لمحے اپنے جیون ساتھی عصر کو اپنے ساتھ رکھنا پسند ہے، وہ جہاں بھی جاتے ہیں خوشی لاتے ہیں اور دنیا کو نئے طریقوں سے دیکھنے میں میری مدد کرتے ہیں۔
پوسٹ میں ملالہ نے اپنے دوستوں کے ساتھ محبت کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ملالہ نے اپنی اس پوسٹ کے نوٹ میں افغان خواتین کو بھی یاد رکھا ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ اس سال جن لوگوں نے مجھے سب سے زیادہ متاثر کیا وہ افغان خواتین اور لڑکیاں تھیں، طالب علموں اور کھلاڑیوں سے لے کر کارکنوں اور فلم سازوں تک، میں نے دنیا بھر میں افغانوں کو طالبان حکومت کے خلاف لڑائی کی قیادت کرتے ہوئے دیکھا ہے۔
ملالہ یوسفزئی کا نئے سال کے لیے دعا کرتے ہوئے کہنا ہے کہ آپ سب کا 2025ء پیار، دوستی اور اچھی صحت سے بھرپور ہو، امن اور انصاف ہماری دنیا کے ہر کونے میں پھیل جائے۔