• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چال میں 25 سال گزارنے والی اداکارہ کی پہلی فلم سنجے دت کیساتھ، یہ اداکارہ کون؟

ایسی بالی ووڈ اداکارہ جسے 100 سے زائد مرتبہ مسترد کیا گیا اور پھر اپنی پہلی فلم سپر اسٹار سنجے دت کے ساتھ کی لیکن اس کامیابی کے باوجود 25 برس تک ایک چال میں رہتی رہیں۔

بالی ووڈ کے کئی ستارے اپنی کامیابی کی بلندی تک پہنچنے کے سفر میں بےشمار مشکلات سے گزرتے ہیں۔ جیکی شروف، جو اب ایک مقبول بالی ووڈ اسٹار ہیں، نے اپنی زندگی کے 33 سال ایک چال میں گزارے تھے۔

اسی طرح ایک اداکارہ پریا بپٹ بھی ہیں جنہوں نے اسٹار بننے سے قبل اپنے 25 سال ایک چال میں گزارے۔

پریا بپٹ ایک ایسی بھارتی اداکارہ ہیں جو خاص طور پر مراٹھی سینما کےلیے مشہور ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کی شروعات قومی ایوارڈ یافتہ فلم ’ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر‘ میں ایک چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کی تھی۔ مراٹھی فلم ’بھٹ‘ میں بھی انہوں نے چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام کیا۔

2003 میں انہوں نے سنجے دت اور راج کمار ہیرانی کی مشہور فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا جس میں انہوں نے ایک معاون کردار ادا کیا جو سنجے کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک ہی۔

اسی سیریز کی دوسری فلم لگے رہو منا بھائی پہلے سے زیادہ مقبول ہوئی جس نے اس وقت دنیا بھر میں 124 کروڑ کا کاروبار کیا۔

پریا بپٹ نے اپنی زندگی کے ابتدائی 25 سال دادر کے راناڈے روڈ پر واقع ایک چھوٹے سے چال میں گزارے۔ اپنے تجربے کے بارے میں انہوں نے 2018 میں ٹائمز آف انڈیا کو بتایا تھا، ’میں نے اپنی زندگی کے تقریباً 25 سال اس چال میں گزارے۔ شادی تک میں وہیں رہی۔ دیوالی منانے سے لے کر بچپن میں اپنے دوستوں کے ساتھ کھیلنے تک، اس چال نے مجھے بےشمار یادیں دی ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’اس چال کی خاصیت یہ تھی کہ ایک منزل پر موجود تمام گھروں کے اندرونی دروازے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے تھے۔ بغیر باہر نکلے ایک گھر سے دوسرے گھر جانا آسان تھا۔ اس نظام نے ایک ہی منزل پر موجود تمام خاندانوں کو آپس میں جوڑے رکھا۔ آج کل کے اپارٹمنٹ سسٹم نے لوگوں کے درمیان فاصلے پیدا کر دیے ہیں۔‘

ممتاز فلموں میں ڈیبیو کرنے کے باوجود پریا بپٹ شادی سے پہلے تک چال میں ہی رہتی تھیں۔ وہ اب ممبئی میں ایک شاندار گھر کی مالک ہیں لیکن چال کو اب بھی اپنی ’پہلی محبت‘ سمجھتی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں پہچان بنانے کا سفر ان کےلیے آسان نہیں تھا۔ بالی ووڈ ہنگامہ کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ اپنی پہلی ٹی وی اشتہار حاصل کرنے سے پہلے انہیں 100 بار مسترد کیا گیا۔

فلموں کے علاوہ پریا بپٹ نے کئی ٹی وی شوز اور ویب سیریز میں کام کیا جن میں ’سٹی آف ڈریمز‘، ’رفوچکر‘ اور ’زندگی نامہ‘ شامل ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید