سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی بہانہ ہیں، ایٹمی پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی حتمی نشانہ ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے غیرملکی مداخلت کو نمایاں کیا، پاکستان پیپلز پارٹی ملک و قوم کے لیے قربانیوں کی ایک میراث رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے آخری کارکن تک ملک کے لیے قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ عمران خان پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے ہر قسم کے حربے استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی ایک ٹیم مذاکرات، دوسری عالمی دباؤ بنانے میں مصروف ہے، عمران خان کا مقصد ذاتی ریلیف کے لیے پاکستان کی سالمیت اور دفاع پر سمجھوتہ کرنا، چیلنجوں کو ہوا دینا، افراتفری، پولرائزیشن اور تقسیم کرنا ہے، پاکستان کی کوئی سیاسی جماعت اس حد تک نہیں گئی۔