کوئٹہ (پ ر) بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (بی یو ایم ایچ ایس)کوئٹہ کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بلوچستان میں بی یو ایم ایچ ایس نے نرسنگ کالجز داخلہ ٹیسٹ (این سی اے ٹی-2024)کا کامیابی سے انعقاد مکمل کرلیا۔ 15 دسمبر کو بلوچستان بھر میں پانچ بڑے مراکز، بشمول کوئٹہ، لورالائی، سبی، خضدار، اور تربت میں نرسنگ کالجز داخلہ ٹیسٹ (این سی اے ٹی-2024) کامیابی سے منعقد ہوئے۔ رجسٹرار کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یہ تاریخی امتحان پہلی بار منعقد کیا گیا، جو ایم ڈی کیٹ کے طرز پر تشکیل دیا گیا تھا، اور صوبے کے 13 سرکاری نرسنگ کالجز میں داخلوں کے لیے مخصوص تھا۔تقریباً 5000 امیدواروں نے ٹیسٹ میں شرکت کی، جن میں 2147 خواتین اور 2763 مرد شامل تھے، جو خواتین کی 420 اور مردوں کی 50 نشستوں کے لیے مقابلہ کر رہے تھے۔ تمام مراکز میں مرد اور خواتین امیدواروں کے لیے علیحدہ امتحانی ہال مختص کیے گئے تھے تاکہ امتحان کو منظم اور منصفانہ طور پر منعقد کیا جا سکے۔ٹیسٹ کی نگرانی معزز شخصیات نے کی، جن میں معزز وزیر تعلیم، حکومت بلوچستان، راحیلہ درانی، وزیراعلیٰ کی تحقیقاتی ٹیم کے رکن طارق الرحمٰن ،ایڈیشنل سیکرٹری گورنر بلوچستان سیکریٹریٹ مجیب الرحمن کاکڑ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز،بولان میڈیکل کالج کے پرنسپل، پروفیسر ڈاکٹر راز محمد کاکڑ، ڈائریکٹر نرسنگ، طارق بھٹی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ زید اسپتال اور دیگر نمایاں اسٹیک ہولڈرز شامل تھے۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے نقل کے آٹھ کیسز کی نشاندہی کی گئی اور ان کے خلاف مناسب کارروائی کی گئی۔بی یو ایم ایچ ایس کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی کی کاوشوں کوسراہا گیا۔