کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ اور چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی امان اللہ کاکڑ نے انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی ژوب کی رہائشی خاتون مسرت عزیز کے اپنے بھائی کے ہاتھوں قتل کی مذمت کرتے ہوئے قاتل کی فوری گرفتاری کامطالبہ کیاہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے۔ بلوچستان میں خواتین کیلئے تعلیمی اداروں کا فقدان ہے، آج بھی جدیددور میں سیکڑوں کی تعداد میں ایسے گاؤں ہیں جہاں پرخواتین کیلئے تعلیمی ادارے نہیں، خواتین کیلئے سرکاری اداروں میں روزگار کا فقدان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنے والی مسرت عزیز کا قتل ایک فرسودہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے جس کی بلوچ پشتون معاشرے میں گنجائش نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ژوب انتظامیہ فوری طور پرقاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔