کوئٹہ(خ ن) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال کاکڑ اور چیف ایگزیکٹو افسر عبدالکبیرخان زرکون نے گزشتہ روز اسلام آباد میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل(SIFC)کے سیکرٹری جہانزیب خان سے ملاقات کی۔اس موقع پرانہوں نے اسلام آباد میں 27اور 28جنوری کو ہونیوالی بلوچستان بزنس سمٹ کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔ سیکرٹری ایس آئی ایف سی نے سمٹ کے انعقاد کیلئے حکومت بلوچستان اور بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کیساتھ مکمل تعاو ن کا اعلان کیا۔ بلال خان کاکڑ اور عبدالکبیر زرکون نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کی راہیں کھولنے اور کاروبار کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا وژن بھی یہی ہے کہ صوبے میں اقتصادی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے، نوجوانوں کو روزگار ملے اور بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے بلوچستان بزنس سمٹ ایک انقلابی اقدام ہے جس سے دنیا بھر کے کاروباری طبقات اور سرمایہ کاروں کی توجہ بلوچستان کی جانب مبذول کرائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ بڑا ایونٹ ہوگا جس میں ملک بھر سے بزنس لیڈرز، دوست ممالک کے سفارتکار،سرمایہ کار، اعلیٰ حکومتی شخصیات اور اداروں کے نمائندے شرکت کرینگے، یہ سمٹ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک اہم قدم ہوگا، اس سلسلے میں ایس آئی ایف سی کے تعاون اور حمایت کی قدر کرتے ہیں، ملاقات میں اس امید کا اظہارکیا گیا کہ مجوزہ سمٹ بلوچستان اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گی۔