کیلیفورنیا (نیوز ڈیسک) ورلڈ پاپولیشن ریویو نے ماحولیاتی کارکردگی انڈیکس (Environmental Performance Index) کی بنیاد پر 2024 کے دنیا کے سب سے صاف ستھرے ممالک کی فہرست ترتیب دی ہے۔ ورلڈ پاپولیشن ریویو کی ویب سائٹ کے مطابق اس فہرست میں 180ممالک کی درجہ بندی انڈیکس ییل یونیورسٹی، کولمبیا یونیورسٹی اور ورلڈ اکنامک فورم (WEF) کے تعاون سے کی گئی ہے۔ اس درجہ بندی کیلئے 40مختلف اشاریے استعمال کیے جاتے ہیں جن میں ماحولیاتی صحت، ماحولیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی کارکردگی کے معیار کو جانچا جاتا ہے۔ سال 2024 میں ایسٹونیا 75.3کے اسکور کے ساتھ سر فہرست ہے جو اس کی ماحولیاتی پالیسیوں اور آلودگی کے کم سطح کی عکاسی کرتا ہے۔دوسرے نمبر پر لکسمبرگ ہے جس کا انوائرمینٹل پرفارمنس انڈیکس 75 ہے جب کہ 74.6اسکور کے ساتھ جرمنی تیسرے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد فن لینڈ، برطانیہ، سویڈن، ناروے، آسٹریا، سوئٹزر لینڈ اور ڈنمارک بالترتیب چوتھے سے دسویں نمبر تک ہیں۔ ان ممالک کی ماحولیاتی صفائی میں نہ صرف بہتری نظر آئی بلکہ انسانی صحت بھی بہتر ہوئی کیونکہ صاف پانی، خالص ہوا، اور مؤثر صفائی کے ذریعے بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ 180ممالک کی فہرست میں بھارت کا نمبر 175اور بنگلادیش 174ویں نمبر پر ہے جب کہ پاکستان کا نمبر 178 ہے جس کے بعد دو آخری ممالک بالترتیب ویت نام اور مغربی افریقی ملک گنی بساؤ ہے۔ یاد رہے کہ عالمی سطح پر آلودگی کے اعلیٰ سطح والے ممالک میں غیر متعدی بیماریوں کی شرح زیادہ ہوتی ہے جو عالمی اموات کا 72 فیصد حصہ ہیں۔