گلاسگو (طاہر انعام شیخ) نیشنل ہیلتھ سروس کی ابتر صورتحال سے نہ صرف عوام اور مریض پریشان ہیں بلکہ خود عملہ بھی پریشانی اور شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہے۔ نہ صرف ان کی کارکردگی بلکہ صحت بھی متاثر ہو رہی ہے۔ اسکاٹ لینڈ میں 2020سے لے کر اب تک نرسنگ اور مڈوائزری کا عملہ ذہنی بیماریوں کی وجہ سے 7لاکھ سے زیادہ چھٹیاں کر چکا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے رائل کالج آف نرسنگ اسکاٹ لینڈ کے ایک سروے میں 91فیصد نرسوں نے بتایا کہ مالی دباؤ بھی ان کی صحت کو خراب کر رہا ہے۔ لبرل ڈیموکریٹ کے رہنما الیکس کول ہملٹن جنہوں نے یہ معلومات آزادی اظہار کے قانون کے تحت حاصل کی تھیں، ان کا کہنا ہے کہ جب نرسیں دباؤ کا شکار ہوتی ہیں تو وہ اپنے مریضوں کو اعلیٰ معیار کی سروس مہیا نہیں کرسکتی۔ سکاٹش حکومت کا کہنا ہے کہ سٹاف کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیحات میں سے ایک ہے اور ہم اس سلسلہ میں بہتری کے لئے ہرممکن کوشش کر رہے ہیں۔ ڈاکٹروں اور دیگر میڈیکل سٹاف کا بھی کہنا ہے کہ ان پر کام کا بہت زیادہ دباؤ ہے جبکہ تنخواہیں کم ہیں۔