ویانا (اکرم باجوہ) چوہدری محمد آصف نائب صدر منہاج القرآن آسٹریاکی نماز جنازہ ویانا 23ڈسٹرکٹ مسجد اقصیٰ میں ادا کر دی گئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جو 31دسمبر کی شام اپنی رہائش گاہ پر ہارٹ اٹیک ہونے پر انتقال کر گئے تھے۔ نماز جنازہ نور اسلامک سنٹر ویانا کے خطیب علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری نے پڑھائی۔ علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری نے مرحوم کی مغفرت کے لیے اجتماعی فاتحہ خوانی اور ان کی مغفرت کے لیے دعائیہ کلمات میں کہا کہ اللہ پاک مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد میت ان کے آبائی شہر گجرات جلال پور جٹاں پاکستان روانہ کردی گئی جہاں مرحوم کو ان کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔