غزہ( نیوز ڈیسک)مرکزی فلسطینی ادارہ شماریات نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ نومبر 2023سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی بمباری میں شہدا کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کے باعث غزہ کی آبادی ایک لاکھ 60ہزار تک کم ہوگی جو کہ 6فیصد کمی ہے۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ صرف غزہ میں 35ہزار بچے بھوک کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے۔مرکزی فلسطینی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے اب تک 55ہزار فلسطینیوں کو قتل کیا جن میں سے 11ہزار لاشیں لاپتا ہیں جو شاید عمارتوں کے ملبے تلے دبی ہیں، اسرائیل کی مسلسل وحشیانہ بمباری کے باعث ایک لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو غزہ چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔اس رپورٹ سے قبل بین الاقوامی عدالت انصاف نے بھی جنوری 2024میں اسرائیل کو فلسطینی نسل کشی روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا۔بین الاقوامی فوجداری عدالت نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے جنگی جرائم پر وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے ہیں۔