صوبوں میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کی قانون سازی کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن کو حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے وزیراعظم سےصوبوں میں قانون سازی کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی جس پر وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمٰن کو حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صوبوں میں قانون سازی کے لیے وزرائے اعلیٰ سے رابطہ کروں گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صدرِ مملکت نے مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق پارلیمان سے منظور سوسائٹی رجسٹریشن ایکٹ پر دستخط کردیے تھے۔
صدر کے دستخط کے بعد دینی مدارس کی رجسٹریشن کا بل قانون بن گیا ہے جبکہ قومی اسمبلی نے اس حوالے سے گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا تھا۔