موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں موسم سرد ہو چکا ہے، اور گھر کے مالک اس موسم میں اپنے اندرونی جگہوں کو بہتر بنانے کے منصوبے تلاش کر رہے ہیں۔ آن لائن ہوم امپروومنٹ پلیٹ فارم ’’تھیمٹیک‘‘ نے، جو صارفین کو گھر کی دیکھ بھال، مرمت اور اپ گریڈ کے لیے ماہرین سے منسلک کرتا ہے، موسم سرما کی تیاری کے لیے 10 بہترین اندرونی رجحانی منصوبوں کی فہرست مرتب کی ہے۔ ان میں سے چھ ایسے ہیں جو آپ کے رہائشی مقام کی صحت اور حفاظتی صلاحیت کو بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ریلنگ کی تنصیب یا ری ماڈلنگ
رپورٹ کے مطابق، یہ رجحان سال بہ سال 60فی صد بڑھ رہا ہے۔ اگرچہ یہ صرف جدید طرز کے لیے ایک خواہش کو ظاہر کر سکتا ہے، نئی ریلنگز آپ کے گھر کو نقل و حرکت کے لیے زیادہ محفوظ بنا سکتی ہیں۔ منیاپولس میں اے پی اے میڈیکل ایکویپمنٹ کا کہنا ہے کہ، نقل و حرکت سے متعلق حادثات میں تقریباً دو تہائی واقعات گرنے سے جڑے ہوتے ہیں، جو نقل و حرکت کے مسائل رکھنے والے افراد میں موت کی پانچویں بڑی وجہ ہے۔
’’یہ اعداد و شمار واقعی توجہ طلب ہیں، اس لیے یہ بالکل منطقی بات ہے کہ ہمیں ان جگہوں کو ان افراد کے لیے زیادہ قابل رسائی بنانا چاہیے جو نقل و حرکت کے مسائل کا سامنا کرتے ہیں۔ اس کا سب سے آسان طریقہ گھر میں جہاں ضرورت ہو وہاں ہینڈریل نصب کرنا ہے۔‘‘
یہ ہینڈریل ان جگہوں پر لگائے جا سکتے ہیں، جہاں بزرگ افراد یا وہ افراد جنہیں نقل و حرکت یا توازن کے مسائل ہیں، انہیں اٹھنے میں مدد کی ضرورت ہوتی ہے، جیسے بستروں کے قریب، ٹب اور شاور کے پاس، ہال ویز کے ساتھ اور سیڑھیوں پر۔ (اگرچہ یہ رپورٹ اندرونی منصوبوں کا احاطہ کرتی ہے، لیکن ریل کی تنصیب اور تزئین و آرائش بیرونی جگہوں پر بھی انتہائی مددگار ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر باہر کی سیڑھیوں پر جو پھسلن یا برف سے متاثر ہو سکتی ہیں۔)
قالین کی مرمت یا تبدیلی
رپورٹ کے مطابق، یہ رجحان سال بہ سال 57فی صد بڑھ رہا ہے۔ ریلنگ کی طرح، نیا قالین صرف زیبائش کے لیے ہوسکتا ہے، لیکن یہ اس بات پر منحصر ہے کہ مکان مالک کیا منتخب کرتا ہے، کیوں کہ یہ صحت اور حفاظت کے امکانات کو بھی بہتر بنا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، اون سے بنے قالین صارفین کو کچھ صحت اور حفاظتی فوائد فراہم کرتے ہیں۔
جیسا کہ پورٹ لینڈ، اوریگن میں قائم فلور فیکٹرز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ، ’’اون کا قالین آگ سے محفوظ، دھول کے ذرات اور الرجین سے مزاحم، قدرتی طور پر نمی کو متوازن رکھنے والا، گندگی سے بچانے والا اور بغیر کسی کیمیکل کے استعمال کے بنایا جاتا ہے، (جس کے لیے کچھ صارفین حساسیت رکھ سکتے ہیں)۔
فرش کی مرمت
تھیمٹیک کے مطابق، یہ رجحان سال بہ سال 44فی صد بڑھ رہا ہے اور یقینی طور پر گھر میں حفاظت کو بہتر بنا سکتا ہے۔ ’’فرش پر گرنے کے حادثات مختلف وجوہات اور طریقوں سے پیش آتے ہیں،‘‘ نیشنل سیفٹی کونسل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے۔ اگرچہ یہ غیر منافع بخش تنظیم تجارتی جگہوں کے بارے میں بات کر رہی تھی، لیکن یہی مسائل مکان مالکان کو بھی متحرک کر سکتے ہیں، خاص طور پر اگر خاندان میں کوئی ایسا فرد ہو جس پر گرنے کا واقعہ غیر معمولی اثر ڈال سکتا ہو۔
نیشنل سیفٹی کونسل کے مطابق، ٹھوکر کے بنیادی اسباب میں سطح کی بلندی کا فرق، ناقص دیکھ بھال، فرش میں سوراخ یا غیر ہمواری، پھٹے، مڑے ہوئے یا ڈھیلے میٹ یا قالین، اور غیر مناسب فرش کی سطحیں شامل ہیں جو پھسلنے کی مزاحمت کو کم کرتے ہیں۔ کچھ صورتوں میں، جیسے کہ پھسلنے کی مزاحم کوٹنگز والے پتھریلے فرش کے ذریعے اس مسئلے کا حل نکالا جا سکتا ہے۔
گھر کو زیادہ قابل رسائی بنانے کے لیےتبدیلیاں
تھیمٹیک کے مطابق، یہ رجحان سال بہ سال 42فی صد بڑھ رہا ہے، جو کہ کوئی حیران کن بات نہیں۔ گھروں کو زیادہ قابل رسائی بنانے کے لیے بہتری کے اقدامات تقریباً ہر حالیہ سروے میں بڑھ رہے ہیں، جن میں امریکن انسٹی ٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس (AIA) کی تازہ ترین تحقیق بھی شامل ہے، اور یہ رجحان بڑھتا رہے گا، کیونکہ بتدریج دنیا کی بزرگ آبادی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
ٹائل اور گراؤٹ کی صفائی
یہ رجحان سال بہ سال 39فی صد بڑھ رہا ہے، اور اس کی مقبولیت میں اضافہ صحت کے مسائل سے متعلق شعور میں اضافے، خاص طور پر پھپھوندی اور نمی کے اثرات کے حوالے سے ہو سکتا ہے۔
گراؤٹ، جو کہ ایک جاذب مادہ ہے، ان بدنما اور ممکنہ طور پر خطرناک مسائل کے پنپنے کی جگہ بن سکتا ہے۔ ویب ایم ڈی نے اکتوبر 2024 کی ایک پوسٹ میں نوٹ کیا، ’’کچھ صورتوں میں، آپ کے گھر میں موجود پھپھوندی آپ کو بیمار کر سکتی ہے، خاص طور پر اگر آپ کو الرجی یا دمہ ہو۔‘‘
مصنفین نے مزید لکھا، ’’چاہے آپ کو پھپھوندی سے الرجی ہو یا نہ ہو، یہ آپ کی آنکھوں، جلد، ناک، گلے اور پھیپھڑوں کو متاثر کر سکتی ہے۔‘‘ (اس فہرست میں ایک متعلقہ رجحان فرنیچر اور اَپ ہولسٹری کی صفائی بھی شامل ہے، جو کپڑوں میں چھپے دھول کے ذرات اور دیگر الرجی پیدا کرنے والے عوامل کو ختم کر سکتی ہے، جو سانس کی مشکلات کا شکار افراد کے لیے مسائل پیدا کرتے ہیں۔)
ہوم تھیٹر کی مرمت
یہ رجحان سال بہ سال 43فی صد بڑھ رہا ہے اور شاید قارئین کو فوری طور پر صحت و تندرستی میں بہتری سے متعلق نہ لگے، لیکن یہ ممکن ہے۔ ہوم تھیٹر کے تجربات خاندانوں کو مثبت انداز میں ایک دوسرے کے قریب لا سکتے ہیں، جہاں وہ مزاحیہ، ایڈونچر یا ڈرامہ سے بھرپور فلمیں دیکھ سکتے ہیں، جو ان کے ساتھ گزارے وقت، تعلقات اور فلاح و بہبود کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ پرڈیو یونیورسٹی نے 21 دسمبر کو ایک مضمون میں لکھا، ’’اپنے پیاروں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کے عزم سے صحت میں بہتری آ سکتی ہے۔‘‘
اس مقصد کے حصول کے لیے مضمون نگاروں کے مشوروں میں سے ایک یہ تھا: ’’خوشگوار سرگرمیوں میں ایک ساتھ لطف اُٹھانا۔‘‘ سرد موسم اکثر ان سرگرمیوں کو محدود کر دیتا ہے جن کا آپ باہر لطف اُٹھا سکتے ہیں۔ گھر میں ایک دلچسپ فلم دیکھنا، سرد راتوں اور ویک اینڈز پر خاندان کے لیے تفریح کا بہترین ذریعہ بن سکتا ہے۔
ہوم تھیٹر ان افراد کے لیے سماجی مواقع بھی پیدا کر سکتا ہے جو اکیلے رہتے ہیں اور وہ اپنے دوستوں یا پڑوسیوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔ سی ڈی سی کے مطابق، سماجی تنہائی سے ڈپریشن، بیماری اور یہاں تک کہ اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ مارچ 2024 کے ایک مضمون میں ادارے نے رپورٹ کیا، ’’سماجی تنہائی انسان کے دل کی بیماری، فالج، ٹائپ 2 ذیابطیس، ڈپریشن اور ذہنی دباؤ، ڈیمنشیا، خودکشی اور جلد موت کے خطرات کو بڑھا سکتی ہے۔‘‘