• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ چین کے فوری ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔ چینی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں ای ٹیکسی ،اسمارٹ ٹرانسپورٹ ، کمپیوٹنگ سینٹر اور دیگر شعبوں میں دو کھرب روپےکی سرمایہ کاری پر رضا مندی ظاہر کی ہے جس کی وزیر اعلیٰ نے اصولی منظوری دے دی ہے۔ مریم نواز ہر شعبے میں صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے غیر معمولی اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ گزشتہ ماہ انہوں نے چین کا سرکاری دورہ کیا تھا اور گوانگ ژو میں ان کی زیر صدارت انوسٹمنٹ کانفرنس ہوئی تھی جس میں چین اور ہانگ کانگ کی ہزاروں کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے ان کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول قرار دیتے ہوئے ون ونڈو آپریشن کی سہولت دینے ، فوکل پرسن مقرر کرنے ، ورکنگ گروپ اور ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ٹیکنالوجیز کمپنیوں کو فوری آپریشن شروع کرنے کی دعوت دی تھی۔ گزشتہ روز چین کے ایک وفد نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی جس میں چینگ ڈو جنرل کوارڈی نیٹر برائے آئی سی ٹی اور ڈپٹی سی ای او ہواوے شامل تھے۔ اس ملاقات میں پاکستان میں پہلا ای کامرس پلیٹ فارم قائم کرنے سمیت متعدد منصوبوں پر اتفاق کیا گیا۔ لاہور میں اسمارٹ کنٹرول روم ، اسمارٹ ٹریفک کنٹرول اور اسمارٹ سینی ٹیشن سینٹر قائم ہو گا۔ چینی کمپنی پاکستانی نوجوانوں کو آن لائن ورلڈ وائڈ ٹریڈنگ کی بھی ٹریننگ دے گی۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں ڈیٹا اور کلائوڈ سینٹر قائم کرے گی جس کیلئے حکومت پنجاب اراضی اور بلڈنگ فراہم کرے گی۔ فیز ٹو میں نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی متعارف کرانے کیلئے اے آئی انڈسٹری سینٹر قائم ہو گا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ پنجاب کو سب سے بڑا آرٹیفیشل انٹیلی جنس سینٹربنانا چاہتے ہیں۔ ان کےاس عزم کو چین بھی باہمی تعاون سے آگے بڑھا رہا ہے۔ توقع ہے کہ پنجاب بہت جلد خطے میں آئی ٹی حب بنے گا۔

تازہ ترین