پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) یورپ کے صدر ڈاکٹر ارشاد علی کمبوہ اور خواتین ونگ کی صدر روحی بانو نے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے 97ویں یوم پیدائش کے موقع پر خراج تحسین پیش کیا۔
نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید نے پارلیمانی، جمہوری اور وفاقی طرز حکومت کی بنیاد رکھی۔ ہمارا ایٹمی پروگرام ہماری خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ میں کلیدی حیثیت کا حامل ہے، شہید بھٹو نے صنعتی اور تکنیکی شعبے کو ترقی دی۔
انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کی مدبرانہ حکمت عملی کی وجہ سے 1974 میں پاکستان نے اسلامی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کی۔
پیپلز پارٹی یورپ کے صدر ڈاکٹر ارشاد علی کمبوہ اور خواتین ونگ کی صدر روحی بانو نے مزید کہا کہ شہید بھٹو کی کوششوں نے اسلامی دنیا میں پاکستان کے قائدانہ کردار کو تقویت بخشی، زرعی اصلاحات اور محنت کشوں کی ترقی کےلیے اقدامات نے لاکھوں زندگیاں بدل دیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھٹو نے پاسپورٹ قومی شناختی کارڈ عام کیا جس کی بدولت ہم بیرون ممالک آئے دن رات محنت مزدوری کرکے اپنے خاندانوں کو روٹی کپڑا اور مکان بنا کر دیے۔ یہ علیدہ بات کہ بعد میں آنے والی حکومتیں آج تک اوورسیز کی جائیدادوں کے تحفظ میں ناکام ہیں۔