کرکٹ آسٹریلیا نے بھارت کے سابق کپتان سنیل گواسکر کو اختتامی تقریب میں نہ بلانے کی غلطی تسلیم کر لی۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو بورڈر گواسکر ٹرافی دینے کے لیے سنیل گواسکر کو نہیں بلایا گیا تھا۔
پیٹ کمنز کو ٹرافی سابق آسٹریلوی کپتان ایلن بورڈر نے تھمائی تھی۔
سنیل گواسکر کے ایس سی جی میں موجود ہونے کے باوجود نہ بلانے پر خاصی تنقید کی گئی۔
کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے تسلیم کیا ہے کہ ٹرافی دینے کے وقت دونوں سابق کپتانوں کو موجود ہونا چاہیے تھا، بہت پہلے فیصلہ کیا تھا کہ آسٹریلیا کے جیتنے پر ایلن بورڈز ٹرافی دیں گے، اگر بھارت بورڈر گواسکر ٹرافی جیتے تو سنیل گواسکر ٹرافی دیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ اگر ایلن بورڈر اور سنیل گواسکر اسٹیج پر موجود ہوتے تو یہ زیادہ اچھا ہوتا۔
دوسری جانب سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ ٹرافی دینے کی تقریب میں بھی موجود ہوتا تو مجھے اچھا لگتا، میں گراؤنڈ میں موجود ہوں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آسٹریلیا جیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے دوست ایلن بورڈر کے ساتھ ٹرافی دینے کا موقع ملتا تو مجھے بہت اچھا لگتا۔