امریکا کی 30 ریاستیں اس وقت برف باری اور شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں جس سے ان علاقوں میں نظامِ زندگی مفلوج ہو گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی زیادہ تر ریاستوں میں درجۂ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہے، کچھ ریاستوں میں درجۂ حرارت منفی 5 ڈگری سے لے کر منفی 29 ڈگری تک ہے۔
کینیڈا کی ریاست مینی ٹوبا میں درجۂ حرارت منفی 40 ڈگری تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا کے موسمیاتی ادارے نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ اوہائیو سے لےکر واشنگٹن تک مختلف ریاستوں میں 6 سے 12 انچ تک برف پڑ سکتی ہے۔
برفباری کے باعث سردی کی شدت میں پہلے ہی اضافہ ہو گیا ہے جبکہ سخت سردی اور برف باری کی وجہ سے 6 امریکی ریاستوں میں ایمرجنسی کی صورتِ حال کا اعلان کیا گیا ہے۔