نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے ڈیٹا سینٹرز میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لانے کا اعلان کیا ہے۔
میامی سے خبر ایجنسی کے مطابق ریاست فلوریڈا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی ڈیٹا سینٹرز میں سرمایہ کاری اماراتی کمپنی کی جانب سے کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش پر لگائی گئی بائیڈن کی پابندی کو فوری ختم کروں گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ میکسیکو اور کینیڈا پر سخت ٹیکس کا نفاذ کریں گے، کینیڈا کو امریکا کی اکاون ویں ریاست بنانا چاہتے ہیں۔
امریکا کے نومنتخب صدر نے خلیج میکسیکو کا نام خلیج امریکا رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خلیج میکسیکو کے نام کی تبدیلی اس لیے کریں گے کیونکہ یہ امریکا کا پانی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میکسیکو اور کینیڈا نے غیرقانونی امیگریشن، منشیات اسمگلنگ نہ روکی تو 25 فیصد ٹیرف لگادیں گے، کینیڈا کو بھولنا نہیں چاہیے کہ اسکا دفاع امریکا کرتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ قومی سلامتی مقاصد کیلیے گرینڈ لینڈ بھی امریکا کو ملنا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ صدر بائیڈن نے افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا برے طریقے سے کرایا، اربوں ڈالر کے امریکی ہتھیار افغانستان میں چھوڑ دیے گئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کیپٹل ہل ہنگامہ آرائی کیس کے قیدیوں کو بڑی تعداد میں معافی دی جائے گی، انھوں نے کہا نیٹو کے رکن ملکوں کو دفاعی اخراجات 5 فیصد بڑھانے چاہئیں۔