اسلام آباد پولیس کی کارروائی سے خیبرپختونخوا ہاؤس کو پہنچنے والے نقصانات کی رپورٹ سامنے آگئی۔
پشاور میں صوبائی اسمبلی اجلاس میں خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کےلیے قائم کمیٹی کی رپورٹ منظور کی گئی ہے۔
اسمبلی میں رپورٹ کمیٹی کے چیئرمین منیر حسین نے پیش کی اور کہا کہ صوبائی حکومت کے نقصانات کا تخمینہ 3 کروڑ سے زائد ہے جبکہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے گمشدہ سامان کی مالیت 35 لاکھ روپے ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد پولیس کی کارروائی کی دوران وزیراعلیٰ کی 25 لاکھ روپے مالیت کی ایم فور رائفل اور ڈیڑھ لاکھ روپے کی بلٹ پروف جیکٹ غائب ہوئی۔
صوبائی کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا 6 لاکھ روپے کا مالیت کا موبائل فون غائب ہوا، کے پی ہاؤس سے سرکاری اسلحہ، موبائل اور نقد رقم غائب ہوئی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی گاڑیوں کو نقصان کا تخمینہ 10 لاکھ روپے لگایا گیا ہے جبکہ کے پی ہاؤس سے 45 لاکھ روپے مالیت کے گیس ماسک، موبائل فونز بھی غائب ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ سیکرٹریٹ اسٹاف کا اسلحہ، سامان گمشدگی، گاڑیوں کے نقصان کا تخمینہ ساڑھے 40 لاکھ روپے ہے۔
صوبائی کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ سی سی ٹی وی کیمرے، ڈی وی آر، لیپ ٹاپ اور کمیپوٹرز کے نقصان کا تخمینہ 10 لاکھ 50 ہزارروپے ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ کی 2 گاڑیوں کو 15 لاکھ 40 ہزار روپے کا نقصان پہنچا ہے، کے پی ہاؤس میں کمروں کے دروازے، شیشے، فیملی روم کو نقصان پہنچایا گیا۔