کیف (نیوز ڈیسک) یوکرین اور روس کے درمیان جنگی قیدیوں کا ایک اورتبادلہ کیا گیا جس کے تحت فریقین نے 300سے زائد قیدیوں کو رہا کیا۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین کے 189قیدی وطن واپس پہنچ گئے ہیں جبکہ روسی وزارت نے کہا کہ 150روسی فوجی وطن واپس آ رہے ہیں ۔ روسی وزارت نے کہا کہ مغویوں کو یوکرین کے ساتھ 34ماہ پرانی جنگ میں ماسکو کے قریبی اتحادی بیلاروس میں رہا کر دیا گیا ہے اور انہیں روس منتقل کر دیا جائے گا۔ زیلنسکی نے تبادلے میں سہولت فراہم کرنے پر امارات کے حکام اور دیگر شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔ زیلینسی نے کہاکہ ہمارے لوگوں کی روسی قید سے واپسی ہم سب کے لیے ہمیشہ اچھی خبر ہوتی ہے۔ رہا کردہ یوکرینیوں میں وہ عام شہری بھی شامل تھے جو روسی قید میں تھے۔ زیلنسکی نے کہا کہ واپس آنے والے افراد میں فوجی، سارجنٹ اور صف اول کے علاقوں کے افسران اور ماریوپول میں حراست میں لیے گئے 2شہری شامل ہیں۔ قیدیوں کے تبادلے کی نگرانی کرنے والے یوکرینی ادارے نے کہا کہ فروری 2022 ء میں روس کی جانب سے حملے کے بعد سے فریقین کے درمیان یہ انسٹھواں تبادلہ ہے۔