برسلز( نیوز ڈیسک)بلجیم میں وزیرِ اعظم کے دفتر کے باہر سے چاقو لیے شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق حراست میں لیا جانے والا شخص پیر کی صبح وزیرِ اعظم کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔مقامی پولیس کے مطابق مسلح شخص نے سیکورٹی پر مامور اہلکاروں سے تلخ کلامی کی اور دھمکیاں بھی دیں۔ابتدائی طو پر حراست میں لیے گئے شخص کے عزائم معلوم نہیں ہو سکے تاہم اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اس واقعے کے وقت وزیرِ اعظم الیگزینڈر ڈی کرو دفتر کے احاطے میں موجود نہیں تھے۔بعد ازاں انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر فوج اور پولیس افسران کا شکریہ ادا کیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق برسلز میں وزیرِ اعظم کے دفتر کے قریب سے یورپی یونین کے بہت سے دفاتر کی طرف راستہ جاتا ہے۔علاوہ ازیں بلجیم کی حکومت کے بھی کئی دفاتر اس جگہ سے جڑے ہوئے ہیں جب کہ کئی وزراء کے دفاتر بھی وزیرِ اعظم کے دفتر سے متصل ہیں۔