واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکہ میں طاقتور برفانی طوفان کے باعث 7 ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ کی 30 ریاستوں میں 6کروڑ سے زیادہ افراد موسم سرما کے ایک بڑے طوفان سے متاثر ہیں۔ برفانی طوفان گزشتہ 10 برس کا سب سے زیادہ طاقتور طوفان ہوسکتا ہے جس میں کچھ علاقوں میں 40 میل فی گھنٹہ یخ بستہ ہوائیں چلنے اور 15 انچ سے زائد برف پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔چند ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سے لے کر منفی 29 ڈگری تک ہونے کا امکان ہے ، جب کہ کینیڈا کی ریاست مینی ٹوبا میں درجہ حرارت منفی 40 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ طوفان کے باعث کنساس، میسوری، کینٹکی، ورجینیا، ویسٹ ورجینیا، آرکنساس اور نیو جرسی کے کچھ حصوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ طوفان کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں سڑکیں بند ہونے کے باعث دفاتر اور تعلیمی ادارے بھی بند کردیے گئے ، ہزاروں پروازیں تاخیر کا شکار یا منسوخ ہوگئیں، ریاست کنساس کی ہائی وے پر 50 ٹریفک حادثات ہوئے جن میں 20 افراد زخمی ہوئے۔ جرنل آف دی امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق امریکا میں سرد درجہ حرارت سے ہونے والی اموات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 1999 ء سے 2022 ء تک امریکا میں سردی سے ہونے والی ہلاکتوں کی شرح 10 لاکھ افراد سے 4اموات سے بڑھ کر 9 ہو گئی ہے۔