پاکستان مسلم لیگ یوتھ میڈیا گروپ فرانس کے رہنما چوہدری یاسر مردان نے کہا ہے کہ ملکی اور خصوصی طور پر اوورسیز سطح پر سیاست میں ویڈیوز اور غیر اخلاقی فوٹوز کے ذریعے مخالف جماعت کے رہنماؤں کی کردار کشی کو روکنا ہو گا۔
چوہدری یاسر مردان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یوتھ کے دوستوں پر زور دیا کہ وہ خود بھی اور دوسری جماعتوں کی یوتھ کے ساتھ مل کر سیاست میں اخلاق و رواداری پیدا کریں اور ہر ممکن کوشش کریں کہ سیاست سے ہٹ کر ملکی اور قومی اداروں کے خلاف گھٹیا مہم کو ختم کرنے کے لیے کوشش کریں کیونکہ اس سے بیرونِ ممالک ہم نوجوانوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان باتوں سے دوسرے ممالک میں ہماری مملکتِ خدا داد کے متعلق منفی اور غلط تاثر جاتا ہے، ہمارا دین بھی ہمیں یہی درس دیتا ہے کہ ایک دوسرے کے قائدین کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں۔
چوہدری یاسر نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ ہمارے بانی قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ نے آزادی کی جنگ اصولوں اور اخلاق سے لڑی، ہمارے قائد میاں نواز شریف نے ملک میں ترقی و خوش حالی لا کر ملک کا نام روشن کیا، اب وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز بہتر مثبت کارگردگی اور ترقیاتی کاموں سے عوام میں مقبول اور طاقت ور ہو رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی پوری کوشش ہے کہ بچوں کو تعلیم کے لیے اسکالر شپ اور تمام بنیادی ضرورتیں فراہم کریں اور انہیں ہنر مند بنائیں۔