تہران (اے ایف پی) ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے گزشتہ روز شام کی سرزمین سے اسرائیل کے انخلاء کا مطالبہ کیا۔ان کا یہ بیان عراقی وزیر اعظم محمد شیعہ السوڈانی کے دورہ تہران کے دوران سامنے آیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارت، تعاون اور شام میں حالیہ پیش رفت جیسے موضوعات پر بات چیت ہوئی۔ صدر مسعود پیزشکیان نے شیعہ السوڈانی کے ہمراہ ایک بریفنگ میں کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ صیہونی حکومت اپنے زیر قبضہ علاقوں سے دستبردار ہو جائے، اور شام میں بالخصوص مقدس مقامات اور مزاروں کے حوالے سے مذہبی جذبات کے احترام کی اہمیت کے حوالے سے خدشات پائے جاتے ہیں۔ایرانی صدر نے شام میں دہشت گردسیلوں کے دوبارہ فعال ہونے کے بارے میں بھی خبردار کیا۔دورے کے دوران شیعہ السوڈانی نے عراق کی جانب سے شام کے عوام کی مرضی اور بیرونی مداخلت کے بغیر کسی بھی سیاسی یا آئینی نظام کی حمایت کیلئے جو وہ خودمنتخب کرتے ہیں، کے احترام کی تصدیق کی۔